پاکستان

عید الفطر کی چھٹیوں اور سرکاری ملازمین کے بونس کا وائرل نوٹی فکیشن جعلی قرار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت داخلہ نے عید الفطر کی چھٹیوں جبکہ وزارت خزانہ نے عید پر سرکاری ملازمین کو 15 فیصد بونس دینے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے نوٹی فکیشنز کو جعلی قرار دے دیا۔انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والے نوٹی فکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے 9 اپریل منگل سے 12 اپریل جمعے تک عید کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ تھا کہ سرکاری ملازمین یا جن کے دفاتر ہفتہ، اتوار بند رہتے ہیں انہیں عید پر 6 چھٹیاں ملیں گی۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا نوٹی فکیشن جعلی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چھٹیوں کا فیصلہ ہونے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔ اُدھر عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سرکاری ملازمین کو پندرہ فیصد عید الاؤنس کا جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس پر سرکاری ملازمین خوش ہوئے مگر پھر وزارت خزانہ نے بھی اس کی حقیقت بیان کردیا۔
وزارتِ خزانہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والےبنیادی تنخواہ کے پندرہ فیصد کے برابر عید الاؤنس کے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیدیا۔
جعلی نوٹیفکیشن میں عید کے موقع پر گریڈ ایک تا بائیس کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا پندرہ فیصد دینے کا کہا گیا ہے، جس پر سیکشن آفیسر آر تھری فوزیہ حسین کے دستخط ہیں۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ نے وضاحت میں کہا کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش بنیادی تنخواہ کا پندرہ فیصد عید الاؤنس کا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔

متعلقہ خبریں