اسلام آباد

ہمیں فخر ہے پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔
مسیحی برادری کے تہوار ایسٹر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے، امید ہے مسیحی برادری پاکستان کی ترقی و استحکام میں کردار ادا کرتی رہے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آئیں ہم مل کر ان ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں، ہم تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے، دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
ویٹی کن سٹی میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جہاں پوپ فرانسس نے دعا کرائی، تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شمعیں روشن کی گئیں۔

متعلقہ خبریں