امیر خاتون نے تمام جائیداد ملازمہ کے نام کردی، رشتے داروں کو دھچکا
ٹرینٹو(قدرت روزنامہ) اٹلی کی امیر اور اثر و رسوخ والی خاتون کے رشتہ داروں کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب انہیں پتہ چلا کہ خاتون نے مرنے سے پہلے اپنی تمام جائیداد اپنی دیکھ بھال کرنے والی ملازمہ کے نام کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اطالوی خاتون نے اپنی موت سے قبل اپنی تمام جائیداد جو کہ 45 لاکھ ڈالرز بنتی ہے، البانیہ سے تعلق رکھنے والی اپنی ملازمہ کے نام کردی اور اپنے 10 بھتیجوں کو یکسر نظرانداز کردیا جو ان کی جائیداد پر نظریں جمائے بیٹھے تھے۔
ماریہ مالفٹ قصبے رووریٹو کے سابق میئر اور ویانا پارلیمنٹ کے نائب صدر ولیریانو مالفٹ کی اولادوں میں سے تھیں۔ خاتون کا انتقال 80 سال کی عمر میں ہوا ہے۔خاتون کے پاس بہت سے قیمتی اثاثے تھے جن میں کئی اپارٹمنٹس، قصبے کے مرکز میں ایک تاریخی عمارت اور بینک اکاؤنٹس میں خطری رقم شامل ہے۔
ماریہ مالفٹ نے کبھی شادی نہیں کی اور نہ ان کی کوئی اولاد ہے۔ خاتون نے سب کچھ البانی خاتون کیلئے چھوڑنے کا فیصلہ کیا جس نے پچھلے کچھ سالوں سے ان کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔
آنجہانی ماریہ کی وصیت پڑھے جانے کے بعد ان کے بھتیجوں نے ایک وکیل سے رابطہ کیا اور ان کے اثاثوں کو منجمد کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا۔ بھتیجوں نے دعویٰ کیا کہ خاتون بڑھاپے کی وجہ سے اپنے حواس کھو بیٹھی تھیں اور اس کا فائدہ ان کی ملازمہ نے اٹھایا۔
عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں جج نے تمام اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ دیا۔ فیصلہ جائیداد کے بیچے جانے کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔