عالمی دنیا

2024 میں تیسری عالمی جنگ چھڑ جائے گی، کورونا وبا کی پیشگوئی کرنے والے نجومی کا دعویٰ


برطانیہ (قدرت روزنامہ)ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد دنیا بھر میں لوگوں نے جہاں عالمی جنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، وہیں اپنی پیشگوئیاں سچ ثابت ہونے کا دعویٰ کرنے والے برازیلین نجومی نے اپنی تازہ ترین پیشگوئی میں کہا ہے کہ 2024 میں تیسری عالمی جنگ چھڑ جائے گی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، برازیلین نجومی ایتھوس سلوم دعویٰ کرچکے ہیں کہ وہ اس سے قبل دنیا بھر میں کورونا وبا پھیلنے، ملکہ الزبتھ کے انتقال اور روس یوکرین جنگ کی درست پیشگوئی کرچکے ہیں۔
37 سالہ ایتھوس سلوم کو ’زندہ نوسٹراڈیمس‘ بھی کہا جارہا ہے کیونکہ ان کی پیشگوئیاں سچ ثابت ہورہی ہیں۔ ایتھوس سلوم کے پیروکاروں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایتھوس سلوم نے پیشگوئی کی تھی کہ ایلون مسک ٹویٹر کے مالک بن جائیں گے۔
ایتھوس سلوم نے 2024 کے بارے میں کچھ پیشگوئیاں کی ہیں۔ ان کی تازہ ترین پیشگوئیوں میں تیسری جنگ عظیم، کورونا سے زیادہ مہلک وبائی مرض کا پھیلاؤ اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے مردہ لوگوں کے ساتھ بات چیت جیسی پیشگوئیاں شامل ہے۔
ایتھوس سلوم کا نام 16ہویں صدی کے شاعر نوسٹراڈیمس کے ساتھ جوڑا جارہا ہے جنہوں نے کئی اہم واقعات کی پیشگوئی کی تھی جن میں ایڈولف ہٹلر کا عروج، جان ایف کینیڈی کا قتل، 11 ستمبر کے حملے وغیرہ شامل ہیں۔
امریکا پر حملہ ہوگا
ایتھوس سلوم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ رواں برس کسی بھی تنازعہ کا گہرا اثر ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں کئی بڑی معیشتوں میں کساد بازاری ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں برس امریکا پر حملہ کیا جائے گا۔

اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر انہوں نے لکھا، ’نئی ایپیسوڈ (قسط) کے پیچھے 2 عظیم رہنما۔ یہ تیسری جنگ عظیم کی وارننگ ہے۔‘ انہوں نے افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں مہلک قدرتی آفات سے بھی خبردار کیا۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی صرف ایک سائنسی پیش رفت نہیں ہے، بلکہ انسانی سفر کو سمجھنے میں ایک بڑا قدم ہے، جو وجود کے اسرار سے پردہ اٹھانے، سکون فراہم کرنے اور زندگی کے مقاصد سے آگاہی فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’ہم ایک روحانی اور وجودی انقلاب کے دہانے پر ہیں۔‘
نوسٹراڈیمس کون تھا؟
فلکیات دان اور شاعر نوسٹراڈیمس 21 دسمبر 1503 کو فرانس میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1555 میں 343 شاعرانہ پیشگوئیوں کا ایک مجموعہ شائع کیا۔ انہوں نے 1558 اور 1568 میں اپنی پیشگوئیوں کا دوسرا اور تیسرا مجموعہ شائع کیا تھا۔

تجزیہ کار اور ماہرین اب ان کی 2024 کے حوالے سے پیش گوئیوں کے مضمرات کو سمجھنے کے لیے ان کی تحریروں کا تجزیہ کر رہے ہیں، جس میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی ممکنہ دستبرداری ، ایک بڑی جنگ، اور ممکنہ ’عظیم قحط‘ کو جنم دینے والا سیلاب شامل ہیں۔