پاکستان

فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا وقت آ گیا ہے، پاکستان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کی قرار داد کو امریکا کی جانب سے ویٹو کرنے پرافسوس ہے۔ دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا وقت آگیا ہے۔ امریکی کی جانب سے فلسطینی رکنیت کی قرارداد کو ویٹو کرنے پر افسوس ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 75 سال سے ظلم و جبر کا شکار فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینا ان کے حق خود ارادیت کی تصدیق ہوگی اور تاریخی انصاف ہوگا۔ فلسطینی عوام کا حق ہے کہ وہ 4 جون 1967 کی جغرافیائی حدود کے مطابق خود مختار اور آزاد ملک میں رہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں سعودی وزراء کے وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے عالمی اور علاقائی مسائل کے بارے میں بات چیت کی۔
دونوں وزراء نے علاقے میں بڑھتے ہوئے عدم استحکام کے بارے میں مشترکہ خیالات کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی رسائی کے لئے راستے کھولنے پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں