اسلام آباد

تجارتی خسارے میں 17 فیصد کمی، برآمدات میں 9.10 فیصد بڑھیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کے تجارتی خسارے میں مسلسل دوسرے ماہ کے دوران ریکارڈ کیا گیا اور اپریل کے دوران یہ تجارتی خسارہ دو ارب 40 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اپریل کے مقابلے میں 181 فیصد بڑھا ہے تاہم اگر مالی سال کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو ملک کے تجارتی خسارے میں پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
جاری مالی سال کے دوران پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.10 فیصد کا اضافہ اور درآمدات میں 4.09 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اگر ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیں تو مارچ کے مقابلے میں اپریل کے دوران تجارتی خسارے میں 3.16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں تجارتی خسارہ 2 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، واں مالی سال کے 10 ماہ میں تجارتی خسارے میں 17.09 فیصد کی کمی ہوئی اور جولائی تا اپریل تجارتی خسارہ 19 ارب 51 کروڑ ڈالرز رہا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اپریل میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 10.02 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 8.67 فیصد کی کمی ہوئی اور یہ 2 ارب 40کروڑ ڈالرز رہیں۔ جولائی 2023 تا اپریل 2024 ملکی برآمدات میں 9.10 فیصد اضافہ ہوا اور 10 ماہ میں برآمدات کا حجم 25 ارب 28 کروڑ ڈالرز رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ ڈالرز رہا، رواں مالی سال کے 10 ماہ میں درآمدات میں 4.09 فیصد کی کمی رکارڈ کی گئی اور اس مدت میں درآمدات 44 ارب 79 کروڑ ڈالرز رہیں۔