جامعات میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے مالی اور انتظامی امور کو طے کرنے کیلئے روایتی طور طریقوں کے بجائے جدید طریقہ کار اختیار کرنے سے ہم بآسانی اپنی یونیورسٹی کو خودکفالت کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری یونیورسٹیز کو مستقبل میں مالی بحران سے بچانے، موجود اساتذہ اور ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے ایک جامع پالیسی وضع کرنے کی اشد ضرورت ہے. اس سلسلے میں موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور مختلف پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان پروفیسر ڈاکٹر دوست بلوچ، ڈاکٹر عبدالمالک ترین اور ڈاکٹر جان محمد بلوچ کے ساتھ الگ الگ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہماری ذاتی دلچسپی اور شعوری کوشش ہے کہ صوبہ کے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحتمند تعلیمی ماحول کو پروان چڑھایا جائے. انہوں نے واضح کر دیا کہ کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی سطح پر تمام ذمہ داران کی موثر فعالیت اور متعلقہ ماہرین کی تجاویز سے یونیورسٹیوں کے درپیش مسائل پر بآسانی قابو پایا سکتا ہے . .

.

متعلقہ خبریں