فارم 47 کے حوالے سے بیان دینے پر انوار الحق کاکڑ کو تحویل میں لیا جائے، حافظ نعیم
لاہور(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو تحویل میں لے کر فارم 47 کے حوالے سے بیان پر تفتیش کامطالبہ کیا ہے۔ لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ نے حنیف عباسی سے کہا تھا کہ ’اگر فارم 47 کی باتیں بتادیں تو کہیں کے نہ رہو گے‘، مطالبہ کرتے ہیں کہ انوار الحق کاکڑ سے پوچھا جائے کہ فارم 47 کے معاملے میں کیا ہوا تھا ؟ اور کیا وہ سب کچھ انہوں نے ہی کیا تھا؟ پریس کانفرنس میں صحافی نے سوال کیا کہ انوار الحق کاکڑ کو کون تحویل میں لےگا؟ حافظ نعیم الرحمان نے جواب دیا تحویل میں لینے کا طریقہ موجود ہے، اسی کے تحت تحویل میں لیا جائے۔ ایک سوال پر حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، کسی مقصد کے لیے اشتراک عمل کسی سے بھی ممکن ہے۔حافظ نعم الرحمان نے کہا کہ جعلی حکومت کے نتائج آزادکشمیر میں عوامی احتجاج کی صورت سامنے آرہے ہیں، حکمران اب عوام کو طاقت کی بنیاد پر دبا نہیں سکتے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت جعلی ہے، چیف جسٹس فارم 45 کی بنیاد پر نتائج مرتب کرائیں، پی پی پی، ن لیگ اور ایم کیو ایم کو عوام پر جبری مسلط کیا گیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ 16مئی کو لاہور میں کسانوں کے حقوق کے لیے احتجاج کریں گے، 19 مئی کو پشاور میں غزہ ملین مارچ کریں گے۔