پی ایس ایل سے آئی پی ایل کا ٹکراؤ؛ فرنچائزز مخالفت کردی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائزز نے اںڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) سے شیڈول کے تصادم کی مخالفت کردی۔
تفصيلات کے مطابق پی ایس ایل کرکٹ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، اس میں دسویں ایڈیشن کے شیڈول سمیت ایونٹ میں جدت لانے کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا، پی سی بی نے چند روز قبل اگلے ایڈیشن کا مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کیا تھا جس کے مطابق آغاز 12 اپریل جبکہ فائنل 20 مئی کو ہوگا، شیڈول کا براہ راست آئی پی ایل سے تصاوم ہو رہا ہے، فرنچائز اس سے خوش نہیں اور انھوں نے میٹنگ میں مشترکہ طور پر بورڈ کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کردیا۔
فرنچائزز کا کہنا ہےکہ لیگ کیلئے کوئی اور ونڈو تلاش کرنا چاہیے تاکہ بڑے کھلاڑی پاکستان آ سکیں، اس موقع پربورڈ کی جانب سے آئیکون پلیئرز کو راغب کرنے کی تجاویز سے فرنچائزز کو آگاہ کیا گیا جنھوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر 3،4 لاکھ ڈالر کسی غیرملکی کرکٹر کو دیں گے تو اپنے اسٹار پلیئر کو کتنا معاوضہ دیا جائے گا؟ وہ بھی تو اعتراض کرے گا کہ اسے کیوں کم رقم دی جا رہی ہے؟۔
لیگ میں جدت لانے کیلیے امپیکٹ پلیئر اور ٹاس کیلئے سکے کے بجائے بیٹ اچھالنے جیسی تجاویز فرنچائزز نے مسترد کردیں، ان کے مطابق ایسا تو دیگر لیگز میں بھی کیا جا رہا ہے تو جدت کیسے ہوئی۔
واضح رہے کہ امپیکٹ پلیئر کا قانون آئی پی ایل کے دوران تنقید کا نشانہ بن رہا ہے، اگلے ایونٹ میں اسے ختم بھی کرنا ممکن ہوگا، بیٹ سے ٹاس بگ بیش میں کئی برسوں سے ہو رہی ہے، میٹنگ کی باتوں پر اب پی سی بی حکام اور فرنچائز اونرز کی گورننگ کونسل میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔