ترکہ وزیر خارجہ نے علاقائی امن کیلئے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی . خطے کی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا .
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک وزیر خارجہ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا .
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا پاکستان اور ترکیہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کے مضبوط رشتے سے جڑے ہوئے ہیں . مہمان وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو بھی سراہا .
قبل ازیں گزشتہ روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے آسٹریلوی ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل اینگس جے کیمبل نے ملاقات کی ہے . آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کو آسٹریلوی ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل اینگس جے کیمبل نے جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے، جس کے دوران دوطرفہ پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور اور باہمی فوجی تعاون مزید بڑھانے پر بات چیت کی گئی .