کراچی (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بجٹ سے پہلے ہمیں پیٹرول پر جی ایس ٹی کے نفاذ کا فیصلہ کرنا ہے ، آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ آمدنی کا ہدف پورا کریں ، کیسے کرنا ہے یہ ہمارا کام ہے .
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا .
پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک اور کرکٹر احمد شہزاد نے بھی گفتگو کی .
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کو اس وقت پور ااعتمادہے کہ ہم صحیح سمت جارہے ہیں . آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، ایشیئن ترقیاتی بینک کی جانب سے اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے مثبت اشارے مل رہے ہیں . ایک شخص جو 3 کروڑ کی موٹر گاڑی چلا رہا ہے . ڈیفنس میں 5 کروڑ کا 1 کنال کا پلاٹ خرید رہا ہے ٹیکس ادا نہیں کررہا . بجلی اور گیس چوروں کی رقم کی ادائیگی دیگر صارفین کرتے ہیں . ہم نے کوشش کی کہ جس طرح ہم نے امیر اور غریب کا گیس کا ٹیرف علیٰحدہ کیا ہے . ہم نے کوشش کی کہ امیر اور غریب کا پیٹرول کا بوجھ بھی علیٰحدہ کردیں مگراس میں ہمیں اندرونی طور پر بہت مدافعت آئی . آئی ایم ایف نے کہا کہ آپ اپنا ملک سیدھا کرلیں اور اہداف پورے کریں . آئی ایم ایف کا مطالبہ یہ ہے کہ آپ نے آمدنی کا ہدف پورا کرنا ہے اس ہدف کو کیسے پورا کرنا ہے یہ اب ہمارا کام ہے . اگر ہم ملک کو پی ٹی آئی کی مہم کے زاویئے سے دیکھنا شروع کریں گے تومناسب نہیں ہوگا .
. .