اسلام آباد

صحافی عمران ریاض خان کو حج پر جانے سے روک دیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صحافی عمران ریاض خان کو حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنے سے روک لیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران ریاض خان ایئرپورٹ پر موجود ہیں جہاں وہ عملے کے ایک رکن سے اس حوالے سے بات کر رہے ہیں۔
ایئرپورٹ اسٹاف آفیسشل عمران ریاض خان کو دستاویزات چیک کرتے ہوئے آگاہ کرتا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں اب بھی موجود ہے۔
عمران ریاض دستاویز ان سے لے کر پڑھتے ہیں اور کہتے ہیں، ’انہوں نے کہا ہے کہ ان (عمران ریاض خان) کا نام نکال دیں ای سی ایل اور پی سی ایل میں سے۔‘
ایئرپورٹ آفیشل عمران ریاض سے کہتا ہے، ’اگر (لسٹ سے) نام نکالنے کا کہا گیا ہے تو پھر (نام) نکلا ہونا چاہیے، ورنہ ایک بار سفر کرنے کا اجازت نامہ ہونا چاہیے۔‘
اس پر عمران ریاض خان کہتے ہیں، ’اگر جج نے کہا ہے (نام) نکال دو تو ان کا نکال دینا چاہیے۔‘
ایئرپورٹ آفیشل انہیں بتاتے ہیں کہ (لسٹ) کو اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا اور انہیں کمپیوٹر اسکرین پر دکھانے لگ جاتے ہیں۔
واضح رہے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے 29 مئی کو صحافی عمران ریاض خان کی حج کے لیے جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت کی تھی اور عمران ریاض خان کو حج پر جانے کی اجازت دی تھی۔