نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے سے متعلق ’گمراہ کن‘ خبروں کی تردید
مختلف چینلز کو گمراہ کن خبر چلانے سے پہلے پاور ڈویژن کا موقف لینا چاہیے تھا، پاور ڈویژن اور لیسکو
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاور ڈویژن اور لیسکو نے نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے سے متعلق زیر گردش ’گمرہ کن‘ خبروں کی تردید کردی۔واضح رہے کہ نجی چینلز کی ویب سائٹس پر وفاقی حکومت کے حوالے سے خبر لگائی کہ موجودہ نیٹ میٹرنگ سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بعدازاں پاور ڈویژن نے نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنےسےمتعلق زیرگردش خبروں کی تردید کی اور کہا کہ مختلف چینلزپرنیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنےکی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے نیٹ میٹرنگ کی پالیسی کے حوالے سے کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں، مختلف چینلز کو گمراہ کن خبر چلانے سے پہلے پاور ڈویژن کا موقف لینا چاہیے تھا۔
علاوہ ازیں ترجمان لیسکونے بھی نیٹ میٹرنگ پر پابندی کے حوالے مؤقف دیا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اسی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین اس طرح کی کسی خبر پر یقین نہ کریں، تمام درخواست گزاروں کو معمول کے مطابق نیٹ میٹرنگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔