عدالت نے صنم جاوید کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا
صنم جاوید کو گزشتہ روز سرگودھا جیل سے رہائی پر گرفتار کیاگیا تھا
گوجرانوالہ (قدرت روزنامہ)گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگری عدالت نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔۔ صنم جاوید کو گزشتہ روز سرگودھا جیل سے رہائی پر گرفتار کیاگیا تھا۔
انسداد دہشتگری عدالت کے جج نعیم اسلم نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ صنم جاوید کے وکلا کی جانب سے دلائل دیے۔ عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ کرتے ہوئےصنم جاوید کو سرگودھا پولیس کے حوالے کردیا۔
دوران سماعت کمرہ عدالت میں ویڈیو ریکارڈنگ پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ویڈیو بنانے پر صنم جاوید کے وکلا کی سرزنش کی۔ صنم جاوید تھانہ کینٹ میں درج 9مئی گھیراؤ جلاؤ کیس میں نامزد ملزمہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ضمانت ملنے کے بعد گوجرانوالہ پولیس نے صنم جاوید کو سرگودھا جیل کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔ یاد رہے کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی اس سے قبل درج تمام مقدمات میں ضمانت ہوگئی تھی۔