ڈسٹرکٹ حب میں سی آئی اے پولیس انچارجز اور چیک پوسٹیں ختم، تمام نفری تھانوں میں ضم

حب(قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ حب سی آئی اے پولیس کا کردارختم کر کے متعلقہ تھانوں کے انویسٹی گیشن اور آپریشنز افسران کے ماتحت کام کرنے کی ہدایت دے دی گئی، آئی جی آفس کوئٹہ سے نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ایس پی حب نے باقاعدہ احکامات جاری کردیے . روزنامہ انتخاب نے ضلع حب میں سی آئی اے پولیس کے کردار کے حوالے سے 9 مئی کو اپنی اشاعت میں تفصیلی خبر شائع کی تھی جس پر آئی جی پولیس بلوچستان نے نوٹس لیا .

اس حوالے سے 6 جون کو آئی جی پولیس بلوچستان کے دفتر کوئٹہ سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق ضلع حب میں سی آئی اے پولیس کا امن وامان کے قیام کے حوالے سے نہ کوئی خاطر خواہ کردار رہا ہے نہ ہی متعلقہ پولیس تھانوں کے ساتھ معاونت رہی ہے بلکہ شنید میں یہ بات آئی ہے کہ سی آئی اے پولیس غیر ملکی اشیا کی اسمگلنگ میں سہولت کاری کا کردار ادا کررہی ہے، لہٰذا ڈی ایس پی سی آئی اے حب کے ماتحت حب وندر اور ساکران میں تمام سی آئی اے پولیس انچارجز اور قائم چیک پوسٹوں کو ختم کردیا گیا ہے اور انہیں ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ سرکل پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشنز افسران کے پاس رپورٹ کو یقینی بناتے ہوئے ان کی معاونت کریں . آئی جی پولیس بلوچستان کے دفتر جاری مراسلے میں ایس پی پولیس حب کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام پولیس تھانوں اور سی آئی اے نفری کو تھانوں میں ضم کرکے علاقے میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنائیں اور تمام غیر قانونی چیک پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے . . .

متعلقہ خبریں