سندھ

گوادر، کراچی اور بن قاسم پورٹس کے درمیان فیڈر ویسل سروس کی تجویز


کراچی(قدرت روزنامہ) کراچی کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے گوادر، کراچی اور بن قاسم پورٹس کے درمیان فیڈر ویسل سروس کی تجویز دیدی۔ کراچی کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے بانڈڈ اور نان بانڈڈ کنسائمنٹس کی نقل وحمل آسان بنانے کیلیے گوادر پورٹ، کراچی پورٹ اور پورٹ بن قاسم کے درمیان فیڈر ویسل سروسز شروع کرنے تجویز دیدی، یہ تجویز وزارت بحری امور اور گوادر پورٹ اتھارٹی کو بھیجے گئے مکتوب میں دی گئی ہے جس پر وزارت بحری امور نے جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیدیا ہے۔
کے سی اے اے کے جنرل سیکریٹری محمودالحسن کا کہنا ہے کہ مذکورہ تجویز پر عملدرآمد کے نتیجے میں گوادر بندرگاہ پر نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کا حجم بڑھے گا بلکہ اس اہم بندرگاہ کی ترقی کی رفتار تیز ہوجائے گی۔
انھوں نے کہا کہ ریونیو کا حجم بڑھانے کیلیے گوادر بندرگاہ کے قریب بحری جہازوں کی مرمت کا ڈرائی ڈاکس قائم کیاجائے جبکہ پاکستانی بندرگاہوں پر بحری جہازوں کی آمدورفت بڑھانے کیلیے بحری جہازوں کی رجسٹریشن پر سیلز ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے ، سفری اور تجارتی آپریشنز میں جدت و تیزی لانے کی غرض سے پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ کے درمیان فیری سروس متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں