پاکستان اور بھارت کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں کتنی بار آمنا سامنا ہوا؟ کون کتنی بار جیتا
امریکا (قدرت روزنامہ)آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت 7 مرتبہ مدمقابل آئے، جن میں سے 6 میچز میں بھارت کو کامیابی ملی جبکہ ایک میں پاکستان نے فتح اپنے نام کی۔ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ تمام تر رعنائیوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز اور امریکا کے میدانوں پر جاری ہے، میگا ایونٹ کا سب سے بڑا میچ آج 2 روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانا ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں میگا ایونٹ میں 7 بار ٹکرائیں، جن میں سے 6 میچز بھارت کے نام رہے جبکہ ایک میں پاکستان نے فتح سمیٹی۔آسٹریلیا میں کھیلے گئے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاہینوں نے رضوان اور بابر کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بھارت کو 10 وکٹوں سے دُھول چٹائی۔2016 کے ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، 2014 کے میگا ایونٹ میں بھی بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔
2012 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں کولمبو میں مدمقابل آئیں جہاں بھارت نے میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔ جنوبی افریقا میں کھیلے گئے 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے فائنل میں پاکستان کو 5 رنز زیر کیا جبکہ 2007 میں ہی دونوں ٹیموں کے درمیان ڈربن میں گروپ مقابلہ برابر رہا، بال آؤٹ پر بھارت کو کامیابی ملی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ آج کا میچ کیا پاکستان اپنے نام کرپائے گا یا جیت ایک بار پھر بھارت کے حصے میں آئے گی، اگر پاکستان بھارت سے ہارتا ہے تو قومی ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر تقریبا ختم ہوجائے گا۔