حب، دریجی گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر مقدمہ ،عدالت نے عبوری ضمانتیں منظور کر لی
حب(قدرت روزنامہ)دریجی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج پر وندر اور ساکران میں بلوچستان عوامی پارٹی اور بھوتانی عوامی کارواں کے 26رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ پر ایڈیشنل سیشن جج حب کی عدالت نے عبوری ضمانت منظور کرلی آئندہ سماعت 28جون مقرر تفصیلات کے مطابق دریجی مائن لیز کے اطراف کی اراضیات کے تنازعہ پر پولیس کاروائی اور گرفتاریوں کے خلاف دو روز قبل بھوتانی عوامی کارواں اور بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا تھا جس پر وندر اور ساکران پولیس نے بلوچستان عوامی پارٹی کے 26رہنمائوں اور کارکنوں کو نامزد کر کے جبکہ 230دیگر نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات قائم کئے تھے جس پر گزشتہ روز ایڈوکیٹ اقبال جاموٹ اور ایڈوکیٹ الٰہی بخش مینگل کی توسط سے نامزد افراد کی ضمانت کے حوالے سے ایڈیشنل سیشن کورٹ حب میں اپیل دائر کی گئی جس پر ایڈیشنل سیشن جج حب نے تمام نامزد ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 28جون مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے اس موقع پر BAPاور بھوتانی عوامی کارواں کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پولیس نے اُن پر سیاسی دبائو پر مقدمات قائم کئے ہیں انہیں عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور عدلیہ سے انصاف کیلئے پُر امید ہیں ۔