اسلام آباد

میرے محافظو! ہمارے اور مینڈیٹ چوروں کے درمیان مت آؤ، علی امین گنڈاپور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میرے محافظو، ہمارے اور مینڈیٹ چوروں کے درمیان مت آؤ، ان کو ہم نکالیں گے اور گھسیٹیں گے۔ آپ کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ حقیقی آزادی کو دبا لے گا تو اس کے لیے پیغام ہے آئین توڑنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، جو بھی جنرل باجوہ بننے کی کوشش کرے گا اسے ہم غدار کہیں گے۔
مانسہرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان ہمارے لیے جیل میں ہیں، وہ ایک آواز دیں گے تمہاری نسلیں بھی یاد رکھیں گی، صرف ایک کال کا انتطار ہے سب سے آگے میں ہوں گا۔
’حقیقی آزادی کے لیے تحریک چلائیں گے‘
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آئین توڑنے والو تمہیں عبرت کا نشان بنائیں گے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ حقیقی آزادی کو دبا لیں گے ان کے لیے پیغام ہے، ہمارے اور مینڈیٹ چوروں کے درمیان مت آؤ، ان کو تو ہم گھسیٹیں گے۔
’عمران خان کے جیل میں رہنے کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے پرویز خٹک کو گواہی کے لیے بلا رہے ہیں، پرویز خٹک سن لو اگر تم نے جھوٹی گواہی دی تو خیبرپختونخوا نہیں آسکو گے۔
علی امین نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے گزارش ہے تحریک انصاف کے کیسز میں انصاف دیں، اگر نہیں دے سکتے ہیں تو کیسز سے علیحدہ ہوجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار عمران خان کہہ دیں گے عدالتوں پر اعتبار نہیں، پھر ہم بتائیں گے انصاف کس طرح ملتا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں۔
بانی پی ٹی آئی ملک کوترقی کے راستے پرگامزن کررہے تھے، عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے بجٹ میں ٹیکس کن چیزوں پر لگ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی ملک کوترقی کے راستے پرگامزن کررہے تھے، سازش کرکے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی گئی۔
عمرایوب نے کہا کہ بجلی مہنگی کرکےعوام کومشکلات کا شکار کیا جا رہا ہے، کسانوں سے گندم لے کر باہر ایکسپورٹ کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں