قوم وطن کی خاطر قربانی دینے والے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی: وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم وطن عزیز کی خاطر قربانی دینے والے عظیم شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی .

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حوالدار لالک جان نشان حیدر کے 25ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا .

انہوں نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر نے جرات و شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی عظیم قربانی افواجِ پاکستان کے ملک کی حفاظت کیلئے غیر متزلزل عزم کی لازوال مثال ہے .

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر اور ان کے اہلِ خانہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کا فخر ہیں، پاکستانی قوم وطن کی خاطر اپنے لہو کی قربانی دینے والے عظیم شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی .

وزیراعظم نے کہا کہ بحیرہ عرب کے گہرے سمندروں سے لے کر سیاچن کے شدید سرد موسم میں پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواجِ پاکستان کے ہر جوان کے جذبہ حُب الوطنی اور فرض شناسی پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں