چیئرمین نیب کے مستعفی ہونے کی پیش گوئی کردی گئی
کراچی (قدرت روزنامہ) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے مستعفی ہونے کی پیش گوئی کردی گئی ، وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین نیب خود استعفیٰ دے دیں گے ، ایک مرتبہ جو نیب کا چیئرمین بن جائے گا ، وہ دوبارہ چیئرمین نہیں بن سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابقکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخاب میں آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے محمد جمیل پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ، محمد جمیل اپنے دوستوں کے ساتھ شامل ہوئے ہیں ، پورے کراچی میں اپنا ووٹ بینک بڑھا رہے ہیں اسی لیے پی ٹی آئی کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کو زیادہ ووٹ ملا ہے ، ہماری کوشش ہوگی کہ ڈی ایچ اے میں بھی اپنا ووٹ بینک بڑھائیں ، اس مقصد کے لیے ہمارا رابطہ اور بھی لوگوں سے ہے ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں اب پیپلز پارٹی کی تعداد 5 ہوجائے گی ، اب سی بی سی کا وائس پریزیڈنٹ پیپلز پارٹی سے ہوگا ، کسی دوسرے کو اپنا وائس پریزیڈنٹ لانا مشکل ہوگا۔
سعید غنی نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال ٹھیک نہیں ہے ، گندم کی رپورٹ پر نیب کیوں کارروائی نہیں کرتے ہیں کیوں کہ چیئرمین نیب نے کہا تھا اگر ہم نے موجودہ حکومت کے خلاف فائلیں کھولی تو حکومت گر جائے گی۔ وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین نیب خود استعفیٰ دے دیں گے ، نیب آرڈی ننس سارے کا سارا خطرناک ہے ، چیئرمین نیب میں وہ کونسی خوبی ہے جو دوسرے آدمی میں نہیں ہے ، ایک مرتبہ جو نیب کا چیئرمین بن جائے گا ، وہ دوبارہ چیئرمین نہیں بن سکتا ہے ، اصل خرابی انہوں نے پیدا کی ہے جو کہتے ہیں قائد حزب اختلاف سے بات نہیں کریں گے ، حالاں کہ یہ تو قانونی مسئلہ ہے۔