اسلام آباد

آپ انصاف کریں عمران خان درگزر کردیں گے، سابق صدر عارف علوی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق صدر ممملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرے وطن کے محافظ ادارے کی قیادت گمراہی کی طرف گامزن ہیں وہ ضد اور نفرت چھوڑیں میں عمران خان کی طرف سے وعدہ کرتا ہوں کہ بدلہ نہیں لیں گے اور درگزر کردیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ گمراہی 3 طرح کی ہوتی ہے، جس میں ایک جان بوجھ کر راستہ پکڑنا، دوسرا راستہ بھول جانا اور تیسرا جب انا بیچ میں آجائے کہ اب اس راستے سے واپس کیسے جائیں۔
عارف علوی نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ تباہ کن ضد اور نفرت چھوڑیں اور امن و انصاف کی طرف قدم بڑھائیں، میں عمران خان کی طرف سے وعدہ کرتا ہوں کہ وہ بدلہ نہیں لیں گے اور درگزر کردیں گے جس سے حل نکل آئے گا۔
واضح رہے کہ یہ ٹوئٹ انہوں نے شیریں مزاری کے ایک کلپ کو شیئر کرتے ہوئے کیا جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ مجھ سے پریس کانفرنس کروانے کے لیے میری بیٹی سے رابطہ کیا گیا اور کہا گیا کہ اگر وہ پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کریں تو رہائی ہو جائے گی۔
عارف علوی نے کہاکہ میں شیریں مزاری سے پہلے بھی روداد سن چکا ہوں، وہ جھوٹ نہیں بولتیں، بڑے افسوس اور شرم کا مقام ہے کہ جنہوں نے یہ سب کچھ کیا وہ کون لوگ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کیا یہ وہ لوگ ہیں جو دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہیں، یا وہ جو سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، یا وہ ہیں جو آئین میں اپنا رول پہچانتے ہیں۔
عارف علوی نے مزید لکھا کہ کیا یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے آئین پڑھا نہیں؟ یا وہ ہیں جنہوں نے قائداعظم کی کوئٹہ گیریژن کی تقریر نہیں سنی؟ میں کس کی مذمت کروں؟

متعلقہ خبریں