عاشورہ پر کن علاقوں میں موبائل سگنلز جام کیے جائیں گے؟ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے بتا دیا

لاہور ( قدرت روزنامہ )صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں کابینہ کمیٹی سرگودھا پہنچی . اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی .

صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، چوہدری شافع حسین اور بلال اکبر خان بھی ہمراہ تھے . سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال اور ڈی آئی جی سپیشل برانچ بھی ہمراہ تھے . کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی اور آر پی او شارق کمال صدیقی نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی . بریفننگ کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں تمام 5457 مجالس اور 1220 جلوسوں کے انتظامات مکمل ہیں . یکم سے 5 محرم تک سرگودھا میں 2143 مجالس منعقد اور 66 جلوس پُرامن انداز میں برآمد ہوئے ہیں . 195 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 73 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ سرگودھا میں 158 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے . 7 محرم سے آرمی اور رینجرز کی 16 کمپنیاں بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی .

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عاشورہ پر صرف مخصوص علاقوں میں موبائل سگنلز جام کیے جائیں گے . پنجاب کے 8 ڈویژنز میں انتظامات دیکھ چکے اور تمام انتطامیہ و پولیس تیار ہے . ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلا رہے ہیں . محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے . اتحاد بین المسلمین کے اصول کے تحت پُرامن محرم الحرام گزر رہے ہیں . مقامی ممبرانِ اسمبلی، تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی . اجلاس کے بعد خواجہ سلمان رفیق نے ممبرانِ کابینہ کمیٹی کے ہمراہ سرگودھا کے مرکزی جلوس روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا . انہوں نے امام بارگاہ 7 بلاک میں مقامی امن کمیٹی عہدیداران، منتظمین اور اہل تشیع کمیونٹی سے ملاقات کی .

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ عاشورہ پر صرف مخصوص علاقوں میں موبائل سروس پر پابندی لگائی گئی ہے . تمام مکاتب فکر کے علماء اور انتظامیہ ایک پیج پر ہیں . پنجاب بھر میں الحمدللہ پرامن انداز میں محرم الحرام گزر رہا ہے . کسی مقام پر کوئی نئی اختراع نہیں بلکہ قواعد و ضوابط کے مطابق عشرہ محرم کے انتظامات جاری ہیں . اتحاد بین المسلمین ہی ہمارے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے . صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، چوہدری شافع حسین، بلال اکبر خان اور سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل بھی ہمراہ تھے . کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی اور ڈپٹی کمشنر بھی کابینہ کمیٹی کے ہمراہ تھے .

. .

متعلقہ خبریں