بلوچستان

گوادر میں بجلی بحران پر آل پارٹیز اجلاس، مسئلہ حل نہ ہونے پر سخت لائحہ عمل کا عندیہ


گوادر(قدرت روزنامہ)گوادر سول سوسائٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں گوادر سول سوسائٹی کی جانب سے بجلی کی حالیہ مسئلے پر آل پارٹیز اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین بلدیہ، حق دو تحریک، انجمن تاجران، پی پی پی، بی این پی مینگل، پی ٹی آئی کے نمائندے، پیپلز یوتھ ونگ اور تاجران جنت بازار نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے حالیہ بحران کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ڈپٹی کمشنر اور کیسکو گوادر سے پیر کے دن ملاقات کرے گی تاکہ اس پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں، اگر بجلی کی موجودہ صورتحال کو ختم نہیں کیا جائے گا تو گوادر سول سوسائٹی آل پارٹیز کیساتھ ملکر سخت لائحہ عمل طے کرے گی۔ کمیٹی ممبران کے ناموں کو مشاورت کیساتھ لیا جائے گا، جو آل پارٹی ممبران پر مشتمل ہوں گے۔ نیز آئندہ واپڈا کی طرف سے طویل لوڈشڈنگ کی صورت میں اگر ایران کی طرف سے شارٹ فال ہوگا تو ڈی سی گوادر اور ایکسیئن پابند ہوں گے کہ ایرانی نوٹیفیکیشن کو سوشل میڈیا میں عوامی آگائی کیلئے پبلش کریں۔ اجلاس میں شرکت کی جن میں گوادر سول سوسائٹی کے چیئرمین محمد جان، چیئرمین بلدیہ گوادر شریف میانداد، بی این پی مینگل کے مرکزی رہنما طارق رند، پی ٹی آئی کے مولابخش مجاہد اور مصطفی، انجمن تاجران کے حاجی غلام حسین دشتی، انجمن تاجران جنت بازار کے ماجد بلوچ، ن لیگ کے ضلعی صدر عثمان کلمتی، پی پی کے محمد بزنجو اور فضل محمود، پی پی یوتھ کے رہنما صادق خان، حق دو تحریک کے بشیر ہوت، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ماسٹر عبدالمجید اور شکیل کے ڈی اور گوادر سول سوسائٹی کے ایکزیکٹو باڈی ممبر احمد نذیر، وائس چیئرمین زبیر حاصل، انفارمیشن سیکرٹری محمد عارف اور دیگر موحود تھے۔

متعلقہ خبریں