وزارت آئی ٹی نے نوجوانوں کو جدید سہولیات و تربیت فراہمی کا عزم کیا ہے، وفاقی وزیرآئی ٹی

(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا ہے کہ وزارت آئی ٹی نے نوجوانوں کو مہنگی ترین اور جدید سہولیات و تربیت فراہمی کا عزم کیا ہے . تفصیلات کے مطابق وزارت آئی ٹی نے 2 ارب روپے لاگت سے کراچی میں جدید اینیمیشن ٹریننگ کیلئے سینٹر آف ایکسیلینس قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے .

امین الحق نے کہا ہے کہ اگنائٹ تربیت و آلات کیلئے فنڈنگ جبکہ جامعہ کراچی 28 ہزار مربع فٹ جگہ فراہم کرے گی، یہ مرکز پاکستان میں قائم کسی بھی انکوبیشن سینٹر سے بڑا اور سہولیات کے اعتبار سے منفرد ہوگا . وفاقی وزیر آئی ٹی کا کہنا ہے کہ 370 ارب ڈالرز کی عالمی اینیمیشن انڈسٹری سے ملک کیلئے ریونیو کی شکل میں بڑا حصہ لیں گے، بڑے ریونیو کا حصول اسی وقت ممکن ہے جب نوجوان جدید تربیت اور سہولیات سے آراستہ ہوں . انہوں نے کہا ہے کہ میڈیا، انٹرٹینمنٹ، اشتہارات، گیمنگ، سمیت ہر شعبے میں  اینیمیشن بنیادی ضرورت بن چکی ہے، نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیت اور جدت سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی قابلیت کسی سے کم نہیں، کبھی ایسی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں کہ بین الاقوامی طور پر نوجوان اپنی صلاحیتوں کو منواسکیں، وزارت آئی ٹی نے نوجوانوں کو مہنگی ترین اور جدید سہولیات و تربیت فراہمی کا عزم کیا ہے . امین الحق نے کہا ہے کہ اینیمیشن و تھری ڈی گرافکس تربیتی مرکز 6 سے 8 ماہ کی ریکارڈ مدت میں کام شروع کردے گا، سفر یہاں نہیں رکے گا بلکہ ملک بھر میں اس طرح کے مراکز کھولے جائیں گے . وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے پاکستان میں اینیمیشن انڈسٹری کے فروغ کیلئے آئی ایس پی آر کے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا ہے . امین الحق نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی سپورٹ پاکستان اور طلبہ و طالبات کو کامیابی کی راہ پر دیکھنے کے عزم کا اظہار ہے . واضح رہے کہ تقریب میں سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، آئی ایس پی آر سندھ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جہانگیر احمد، سیاسی و سماجی شخصیات، غیر ملکی مندوبین اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف فنکاروں نے شرکت کی تھی . . .

متعلقہ خبریں