اسلام آباد

سیاسی جماعت پر پابندی کا اختیار حکومت کے پاس نہیں، حکومت کا اپنا مینڈیٹ مشکوک ہے: شاہد خاقان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں پر فیصلے سے اپنے گناہوں کو دھویا ہے، سیاسی جماعت پر پابندی کا اختیار حکومت کے پاس نہیں بلکہ حکومت کا اپنا مینڈیٹ مشکوک ہے، دوتہائی اکثریت والی حکومت کا بھی پابندی کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں۔
ادھر عوامی نیشنل پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی اعلان کی مخالفت کردی۔
پارٹی رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے باوجود پی ٹی آئی پر پابندی کے خلاف ہیں، پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے، حمایت نہیں کی جاسکتی۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف پرپابندی لگانے کا حکومتی فیصلہ فسطائیت کی مثال ہے۔
جے یو آئی کے حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس فیصلے سے عدالت کو آنکھیں دکھا رہی ہے یا طاقت کی وکالت کر رہی ہے۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت کو سپریم کورٹ میں ثابت کرنا ہوگا کہ اس کا اقدام درست تھا، سیاسی قوتوں کی ذمے داری ہے کہ معیشت اور عام آدمی کی مشکلات کا سوچیں۔

متعلقہ خبریں