بلوچستان

عوام کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہر وقت رابطہ کرسکتے ہیں، ہدایت الرحمن کی جیونی میں کھلی کچہری


گوادر(قدرت روزنامہ)رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن کی سربراہی میں اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمن کی خصوصی ہدایت پر، اسسٹنٹ کمشنر گوادر جواد احمد زہری نے تحصیل جیونی میں ایک عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس کچہری کا مقصد عوامی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر افسروں کے درمیان موجود کمیونیکیشن گیپ کو ختم کرنا اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا تھا۔اس عوامی کچہری میں روزگار، تعلیم، صحت، پانی، بجلی اور علاقے میں منشیات کی روک تھام جیسے اہم مساہل پر بات چیت ہوئی۔شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات کھل کر صوبائی نمائندے اور ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیں۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے لیے 24 گھنٹے تیار ہیں اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں بلا ججک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ شہریوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی گئی۔اس عوامی کھلی کچہری میں لوکل باڈیز کے نمائندے، تحصیلدار جیونی اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کا وعدہ کیا۔ اس کچہری نے عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہ راست رابطے کا ایک مضبوط ذریعہ فراہم کیا، جس سے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نئے امکانات روشن ہوئے

متعلقہ خبریں