کراچی(قدرت روزنامہ)سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیے . پی ٹی آئی مقبول ترین سیاسی پارٹی ہے،70 فیصد پاکستانی کہتے ہیں پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہیے .
محمد زبیر نے کہا کہ پابندی سے ملک آگے نہیں بڑھے گا، پہلے لگی پابندیوں سے ملک پیچھے ہٹا تھا . انھوں نے کہا کہ اقلیت میں رہنے والی جماعتیں اکثریت والی پارٹی پر پابندی لگانا چاہتی ہیں .
انکا کہنا تھا کہ 1958، 1969، 1977 اور 1999 میں آئین کی خلاف ورزیاں ہوئیں . محمد زبیر نے استفسار کیا کہ کیا آرٹیکل 6 صرف سیاسی جماعتوں یا سیاستدانوں کیلئے ہے؟، جب تک آئین کو ردی میں نہیں پھینکاجاتا کسی پر آرٹیکل 6 نہیں لگنا چاہیے .
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں کسی سیاسی پارٹی پر پابندی لگی تو غلط ہوا تھا . مریم نواز کو غلط گرفتار کیا گیا تھا تو اسے جواز بنا کر آج غلط کو درست نہیں کیا جاسکتا .
محمد زبیر نے کہا نو مئی کے واقعے کو سوا سال گزر چکا، ن لیگ نے اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا . یہ کون سا طریقہ ہے کہ 2014 میں میرے ساتھ زیادتی ہوئی تھی تو ہٹ دھرمی سے حکومت کروں گا .
. .