مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی بھوک ہڑتال کو ’’ڈائٹ پلان‘‘ قرار دیدیا
لاہور(قدرت روزنامہ) سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی بھوک ہڑتال کو ’’ڈائٹ پلان‘‘ قرار دے دیا۔ اپنے بیان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوپہر تین بجے شروع ہونے والی بھوک ہڑتال شام سات بجے تک اختتام پذیر ہونے والا ڈائٹ پلان ہے، دوپہر کا کھانا کھا کر شام کے کھانے سے پہلے ختم ہونے والی بھوک ہڑتال ڈھونگ اور مذاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے مجرم کے لیے ’’انٹر مٹنٹ فاسٹنگ‘‘ ہو رہی ہے اور 4گھنٹے کا ’’ڈائٹ پلان‘‘ ہی فالو کیا جا سکتا ہے۔ ملک کو مہنگا اور عوام کو بھوکا کرنے والے کے لیے 4گھنٹے کی ہی بھوک ہڑتال کا مذاق کیا جا سکتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو بھوک میں مبتلا کرنے والے 9 مئی کے مجرم کے لیے 4 گھنٹے ہی بھوکا رہا جا سکتا ہے۔
سینیئر وزیر پنجاب نے کہا کہ قومی تنصیبات، شہدا کی بے حرمتی، قائدِ اعظم کے گھر کو جلانے، پولیس اور رینجرز کے سر پھاڑنے کا اعتراف کرنے والے سزا کا مستحق ہے 4 گھنٹے بھوک ہڑتال کا مستحق نہیں۔