پاکستان
کے الیکٹرک رات کے وقت لوڈشیڈنگ نہ کرے، نیپرا کی سخت ہدایت
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
کراچی میں شدید گرمی کے دوران لوڈشیڈنگ کے معاملے پر نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اپنے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک حکام کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
کے الیکٹرک حکام کو رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لوڈشیڈنگ انتہائی ضرورت کے تحت بھی ایک گھنٹے سے زیادہ نہ کی جائے۔
اتھارٹی نے کے الیکٹرک کو ہدایات کی روشنی میں 7 دن میں رپورٹ جمع کروانے کی بھی ہدایات جاری ہیں اور اس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔