خواتین اور نوجوانوں کیخلاف طاقت کا استعمال قابل مذمت،اختلافات بھلا کر آنیوالی نسلوں کی حقوق کے محافظ بننے کاوقت آن پہنچا، ثنابلوچ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سابق رکن بلو چستان اسمبلی ثناء بلوچ نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ایکس میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے غیرت مند نوجوانوں اور قومی جذبہ سے سرشار ماؤں بہنوں کی فورسز کے ہاتھوں سڑکوں پر شہادت، زخمی ،تذلیل، لاٹھی چارج، گوادر جلسہ میں روکنے کی عمل کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کٹھ پتلی صوبائی حکومت کو قطعا یہ اختیار نہیں کہ وہ عوام کو کسی بھی جگہ جلسہ و جلوس سے روکے ۔ان کا کہنا تھا کہ گوادر سے لیکر ڈیرہ بگٹی، ڈیرہ غازیخان تک بلوچ اپنے وطن پر مچی، جلسہ، جرگہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میں بی این پی، این پی، یکجہتی کمیٹی ، نواب ثناءاللہ زہری سمیت ہر بلوچ گروہ، جماعت و شخصیات سے اپیل کرتا ہوں کہ معمولی سے اختلافات کو بھلا کر اس قومی تذلیل کے روکنے کیخلاف ایک قومی ایجنڈہ پر بحث و مباحثہ و فیصلہ کیلئے یکجا ہوں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت اختلافات کو بھلا کر آنیوالی نسلوں کی حقوق کے محافظ بننے کا ہے۔