جعلی ڈومیسائل، پی آر سی پر سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے خلاف سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کا تحریری حکمنامہ جاری
کراچی (قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے 2رکنی بینچ نے جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی پر سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ سپریم کورٹ نے سندھ حکومت اورایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیے اور مقدمے کو آئندہ سیشن کے لیے 3رکنی بینچ کے روبرو فکس کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی پر سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی، 2رکنی بینچ کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکمنامے میں لکھا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق سندھ حکومت نے سکروٹنی کمیٹی بنائی تھی، ڈومیسائل اور پی آر سی جاری کرنے کے خلاف درخواستوں کے لیے سندھ پی آر سی اور ڈومیسائل اپیلیٹ کمیٹی بھی بنائی گئی تھی۔
حکم نامہ میں تحریر کیا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی قائم کردہ کمیٹی نے قواعد و ضوابط کے تحت 30یوم میں کام مکمل کرنا تھا، درخواست گزار کے مطابق مقررہ مدت کے دوران کوئی قابل ذکر انکوائری نہیں کی گئی۔
حکمنامے کے مطابق 2سال 10ماہ بعد کمیٹی نے صرف 4اضلاع کی رپورٹ جمع کروائی، درخواست گزار کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے کمیٹی کی رپورٹ کو نظرانداز کیا۔
جس پر سپریم کورٹ کے 2رکنی بینچ نے سندھ حکومت اورایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیے، اور مقدمے کو آئندہ سیشن کے لیے 3رکنی بینچ کے روبرو فکس کرنے کا حکم دے دیا۔