پاکستان میں تیار شدہ ٹویوٹا گاڑیوں کی ایکسپورٹ کا آغاز


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان میں تیار کی گئی ٹویوٹا گاڑیوں کی ایکسپورٹ کا آغاز کردیا گیا ہے، اس حوالے سے انڈس موٹرز کمپنی کے پلانٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا .
تقریب میں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جن کا کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی نے استقبال کیا .

تقریب میں وفاقی وزیر کو پلانٹ میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور ایکسپورٹ کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی .
اس موقع پر وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت فخر کی بات ہے . کمپنی کو ایکسپورٹ شروع ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں . کمپنی نے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے . 64 فیصد لوکلائزیشن قابل تعریف ہے اور انڈسٹری کے عزم کی ترجمانی کرتی ہے .
انہوں نے کہا کہ لوکل کمپوننٹس کے استعمال سے صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے کمپنی کا عزم قابل تعریف ہے . کمپنی نے 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے گنجائش کو 7 ہزار گاڑیوں کی پیداوار تک بڑھایا ہے . کمپنی کی ہائبرڈ گاڑیوں کی تیاری ملک میں ماحول کے تحفظ اور ٹرانسپورٹ کا پائیدار حل ہے . انڈس موٹرز کی تیار کردہ گاڑیوں کی ایکسپورٹ بہت خوش کن ہے ، امید ہے مستقبل میں ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا .
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او انڈس موٹرز علی اصغر جمالی نے کہا کہ پاکستان سے ٹویوٹا گاڑیوں کی ایکسپورٹ گروپ چیئرمین علی ایس حبیب کا خواب تھا . آج کا دن علی ایس حبیب اور انڈس کی ٹیم کے نام ہے . 5 ماہ سے وفاقی وزیر نے بہت حوصلہ افزائی کی جس سے ایکسپورٹ ممکن ہوئی . ایس آئی ایف سی نے بھی انڈسٹری کو سپورٹ کیا . حکومت کے ساتھ مل کر ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا . انڈسٹری کی ترقی کے لیے طویل مدتی پالیسی کی ضرورت ہے . انڈس کی ایکسپورٹ کردہ افرادی قوت کو ٹویوٹا جاپان نے دنیا کی سب سے بہتر ورک فورس قرار دیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں