وزیراعلیٰ اور کابینہ ہوش کے ناخن لیں، دشمنوں جیسا برتاﺅ حالات مزید خراب کریگا، امان اللہ کنرانی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتہائی دکھ افسوس کی بات ہے، ایک صوبہ کا چیف ایگزیکٹو اپنی کابینہ سمیت صوبے کے معروضی حالات کے پیش نظر خود درودیواروں میں محبوس ہیں اور دھمکیاں نہتے عوام کو دے رہے ہیں کہ وہ ان کو سڑکوں پر چلنے نہیں دیں گے، بلوچستان میں سڑکوں پر شکر ہے کوئی بھی پرامن شہری سری لنکا کی طرح ہتھیار لیکر نہیں پھرتا بلکہ سرکار کے سرکاری دستے سول وردیوں میں اسلحہ وگاڑیوں پر مختلف گروہ سڑکوں پر نظر آتے ہیں، طاقت کے زبان عوام و شہریوں پر استعمال کرنے کا کارنامہ جنرل ٹکا خان و جنرل امیر عبداللہ نیازی نے بخوبی سر انجام دیا مگر نتائج بھیانک برآمد ہوکر پاکستان کی قبر کھودی گئی آج بھی بنگال میں طاقت کا استعمال جاری ہے اور حالات قابو سے باہر ہیں، سری لنکا میں بھی طاقت سے دہشت گردی ختم تو ہوئی مگر محبت کے بیج نہ بونے سے وہ ملک بھی دیوالیہ ہوکر راکھ بن گیا، اس لئے وزیراعلیٰ و کابینہ کو ہوش کے ناخن لے کر اپنے بہن بھائیوں سے صلہ رحمی کا سلوک کرنا چاہیے دشمنوں جیسا برتاﺅ گوادر میں سلجھے ہوئے معاملات کو الجھایا گیا، نوشکی کے ناخوشگوار واقعے پر حکومت دانشمندی کا ثبوت دے کر اس قضیے کے خاتمے کے لیے ورثا کے غم شریک و ان کے لواحقین کو مطمئن و کارکنوں و عوام سے معذرت کرے۔