کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی بڑی پیش گوئی
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ مو سمیات نے بڑی پیش گوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے درجہ حرارت میں 13 اکتوبر کے بعد اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق 13 اکتوبر کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ ٹرانزیشن پیریڈ (مون سون اور موسم سرما کا درمیانی دورانیہ) ہے تاہم بعدازاں موسم دوبارہ متوازن ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ اکتوبر میں شہر کا موسم گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے جب کہ موسم سرما کی ابتداء ماہ نومبر کے وسط سے متوقع ہے جس کے دوران ابتدا میں صبح و رات کے اوقات میں خنکی اور بعدازاں موسم بتدریج سرد ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،نمی کا تناسب 66 فیصدرہا۔
آج شہرقائد کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 تا 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان یے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آج مطلع مکمل وجزوی ابر آلود رہے گا ،آئندہ چوبیس گھنٹے تک شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
بابوسر ٹاپ پر موسم سرما کی پہلی برفباری جاری ہے۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق برفباری سے اب تک چھ انچ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے، انتہائی سرد موسم میں شاہراہ بابوسر ٹاپ پر چالیس سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق پھنسے مسافروں اور سیاحوں کے ہمراہ خواتین، بچے اور بیمار بوڑھے بھی شامل تھے۔
انتہائی سرد طوفانی برفانی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت نقظہ انجماد سے گر چکا ہے۔ذرائع کے مطابق پھنس کر رہنے والے افراد کو تحصیل انتظامیہ نے رات گئے ریسکیو کر کے محفوظ مقام منتقل کیا۔
کمشنر دیامر استور ڈویژن دلدار احمد ملک کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ موسم بہتر ہونے تک بابوسر روڈ پر سفر پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے، سیاح اور مسافر بابوسر روڈ پر سفر سے گریز کریں۔
کمشنر دیامر استور ڈویژن کا مزید کہنا ہےکہ موسم بہتر ہونے تک سیاح اور مسافر شاہراہ قراقرم روڈ پر سفر کریں۔