بلوچستان

بڑے شہروں میں نادرا دفاتر میں ڈبل شفٹیں شروع کی جائیں، گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ہدایت کی کہ نادرا کے تمام حکام جدید سائنسی ایجادات، نئی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے موجودہ طریقہ کار میں آسانی اور بہتری پیدا کریں، بڑے شہروں میں نادرا دفاتر میں ڈبل شفٹیں شروع کی جائیں اور صوبے کے دور دراز اضلاع کیلئے موبائل وینز چلائی جائیں اور اس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ہمارا اصل مقصد بھی عوام کی دہلیز پر ان کی بہتر خدمت کرنا ہے جس کے حصول کیلئے عوام دوست پالیسیاں کی تشکیل اور شعوری کاوشیں بھی کر رہے ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاوس کوئٹہ میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی کارکردگی اور فیوچر پلان کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا. بریفنگ میں ڈائریکٹر جنرل نادرا کاشف اقبال اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب آن لائن اپلیکیشن سسٹم متعارف کرانا دراصل ایک نئی پہل ہے جسکا مقصد عام لوگوں کیلئے تمام ضروری دستاویزات کی سہولت اور رسائی کو بڑھانا ہے اس سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو نادرا دفاتر جانے کی ضرورت کو کم ہو جائیگا۔گورنر مندوخیل نے نئی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مستفید ہو کر اپنے مروج طریقہ کار میں بہتری لانے کے ساتھ ہم اپنے نادرا دفاتر میں رش کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمیشنرز، بلدیاتی نمائندوں، میڈیا پرسنز اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ہر یونین کونسل کی سطح تمام بچوں کی برتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات بروقت بنوانے کیلئے اپنے اپنے علاقوں کے عوام کو شعور و آگہی دیں تاکہ سرکاری سطح پر درست رجسٹریشن اور متعلقہ کارڈز اینڈ سرٹیفکیٹس کے اجرا کیلئے راہ ہموار ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ نادرا کے نئے اٹھائے گئے عوام دوست اقدامات عوام ہی کی تمام اہم دستاویزات تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔معاشرہ کے ہر ذی فہیم شخص کا فریضہ بنتا ہے کہ اس معاملے میں پورا تعاون کریں اور درپیش مسائل کا جدید حل تلاش کریں۔

متعلقہ خبریں