فیض حمید کے خلاف کارروائی سے ادارے کی عزت و احترام میں اضافہ ہوگا، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور و سینیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کارروائی سے ادارے کی عزت اور احترام میں اضافہ ہوگا . نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فوج نے فیض حمید کو تحویل میں لیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کچھ چیزیں ثابت ہوچکی ہوں گی .

انہوں نے کہاکہ اب فیض حمید کے کورٹ مارشل کی کارروائی ایک طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھے گی، فیض آباد میں جب دھرنا دیا گیا تو معاہدے پر فیض حمید کے دستخط ہیں، اس وقت لوگوں کو وہاں مینج کرکے بٹھایا گیا تھا، یقیناً انکوائری میں یہ چیزیں بھی شامل ہوں گی . انہوں نے کہاکہ فیض حمید نے فیض آباد میں لوگوں کو دھرنے پر بٹھایا، ابھی جو انکوائری ہوئی یہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے ہوئی، اور ہمیں اسی تک محدود رہنا چاہیے . رانا ثنااللہ نے کہاکہ ضروری ہے کہ ہم فوجی ترجمان کے بیان تک محدود رہیں، اگر فیض حمید سے ہاؤسنگ سوسائٹی کے علاوہ دیگر معاملات کی بھی انکوائری کی گئی تو چیزیں سامنے آجائیں گی . واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے آج ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو تحویل میں لیتے ہوئے کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے . . .

متعلقہ خبریں