سندھ

کراچی: جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے زخمیوں کی تعداد 95 ہوگئی، ایک کی حالت تشویشناک


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر شہر بھر میں ہوائی فائرنگ کی جاتی رہی، گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والوں کی تعداد 95 تک پہنچ گئی، پولیس سرجن کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے اور وہ سول اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 95 افراد زخمی ہوئے جن میں 5 سال کے بچے سے لیکر 75 سال کے بزرگ تک شامل ہیں۔
ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ سول اسپتال میں 22 زخمیوں کو لایا گیا جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی عمر 6 برس سے 55 برس کے درمیان ہیں۔
جناح اسپتال میں 6 خواتین سمیت 39 زخمی پہنچے جبکہ عباسی شہید اسپتال میں ہوائی فائرنگ سے متاثرہ 34 کیسز لائے گئے جن میں 25 مرد اور 9 خواتین تھیں جبکہ ان کی عمر 6 برس سے 65 برس کے درمیان تھیں۔
گزشتہ برس جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 100 زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق 14 اگست کی رات 12 بجتے ہی آتشبازی کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے باعث 95 شہری زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں