لاہور (قدرت روزنامہ)پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم نے 100 لیپ ٹاپس طلبا کو دینے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں گورنز سندھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ محنت سے پوری قوم کی دعاؤں کی وجہ سے کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، ایڈیشنل آئی جی پولیس، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی سمیت کراچی کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اتنی عزت دی اور حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے دوران کانفرنس کراچی کے طلبا کیلئے 100 لیپ ٹاپس مفت دینے کا اعلان کیا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی میرے گاؤں آکر مجھے عزت بخشی، اسی طرح کراچی اور سندھ کے عوام نے بھی بڑا پیار دیا جن کا بےحد مشکور ہوں۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے لوگ گورنر ہاؤس میں جمع ہوئے پیار محبت عزت سے نوازا، 5 کروڑ سندھ حکومت بھی دے رہی ہے جبکہ گورنر ہاوس سے 10 کروڑ تک رقم جمع ہوئی۔ اولمپئین کی لائیو کوریج پر میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے اور پلاٹ اور اہل خانہ کو آئی فون 15 کا تحفہ دیا تھا۔