روف حسن کے غیر ملکی شخصیات سے روابط کا انکشاف،ثبوت سامنے آگئے
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان اور بین الاقوامی جریدے انٹر سیپٹ کے صحافی رائن گرم واٹس ایپ کے ذریعہ رابطوں میں تھے،رائن گرم نے نو اگست2023 کو سائفر کو بنیاد بنا کر ایک آرٹیکل تحریر کیا۔ رائن گرم نے سائفر کو بنیاد بنا کر لکھے آرٹیکل میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا،پی ٹی آئی کارکنوں کے موبائل فون فرانزک کے دوران غیر ملکی شخصیات سے روابط کا انکشاف
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رﺅف حسن کے غیر ملکی شخصیات سے روابط کا انکشاف ہوا ہے اور اس کے ثبوت منظر عام پر آگئے، روف حسن اور بین الاقوامی جریدے انٹر سیپٹ کے صحافی رائن گرم واٹس ایپ کے ذریعہ رابطوں میں تھے، پی ٹی آئی کارکنوں کے موبائل فون فرانزک کے دوران غیر ملکی شخصیات سے روابط کا انکشاف ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بائیس جولائی 2024ءکو سیاسی جماعت کے سینٹرل میڈیا ڈویژن سے شواہد ملے اور سیاسی جماعت کے رہنماوں کی غیر ملکی شخصیات اور ذرائع ابلاغ نمائندوں سے رابطے سامنے آئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع نے مزید بتایا کہ روف حسن کی جانب سے رائن گرم کو 21 جنوری کے ورچوئل جلسہ میں شرکت کی دعوت دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
رائن گرِم سے باقاعدہ رابطہ جنوری 2024ءکوہوا، اکیس جنوری کو روف حسن نے رائن گرِم کو سیاسی جماعت کے ورچوئل کنونشن میں شرکت اورخطاب پر داد دی اور رائن گرِم کو سیاسی جماعت سے رابطے قائم رکھنے کا کہا جبکہ ان کے درمیان رابطے مختلف امورپرجاری رہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ آٹھ جون کو رائن گرِم نے روف حسن سے بانی پی ٹی آئی کے پندرہ مئی کو لکھے موادکی تصدیق چاہی، پوچھا ”کیا یہ مواد آپکا تحریر کردہ ہے، ہم آپ کانام ظاہر نہیں کرینگے۔ جواب کیلئے روف حسن نے رائن گرِ م کیساتھ بذریعہ واٹس ایپ کال پر رابطہ کیا۔ رائن گرِم گزشتہ کچھ عرصے سے سیاسی جماعت کے حق میں متعددآرٹیکلزلکھ چکاہے جس کا مقصد پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈاکرنا ہے۔
رائن گرم نے نو اگست2023 کو سائفر کو بنیاد بنا کر ایک آرٹیکل تحریر کیا۔ رائن گرم نے سائفر کو بنیاد بنا کر لکھے آرٹیکل میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔سولہ اگست 2023 کو سائفرکی بنیاد پر لکھے گئے رائن گرِم کے آرٹیکل کے بعدپراپیگنڈا کیا گیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ اٹھارہ دسمبردوہزارتئیس کو رائن گرِ م کا تحریر کردہ ایک اور آرٹیکل منظرِ عام پر آیا، نو فروری کو انھوں نے آرٹیکل میں افواجِ پاکستان کے الیکشن میں ملوث ہونے کا پروپیگنڈا کیا اور گیارہ فروری کو آرٹیکل کے ذریعے الیکشن نتائج کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چھبیس فروری کورائن گرِم نے آرٹیکل کے ذریعے امریکی صدر سے پاکستانی حکومت کوتسلیم نہ کرنے کامطالبہ کیا۔ رائن گرِم اور مرتضیٰ حسین نے ستائیس جون کو آرٹیکل لکھ کر عالمی جریدے انٹرسیپٹ پر پھر پروپیگنڈا کیا۔رائن گرِ م کی ورچوئل جلسے میں شرکت ریاست مخالف منظم پراپیگنڈامہم کاواضح ثبوت ہے، قومی سلامتی متقاضی ہے کہ ان حقائق کی فوری جانچ پڑتال کی جائے۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ پی ٹی آئی میڈیا ڈویژن پر چند روز قبل چھاپے کے دوران ترجمان تحریک انصاف روف حسن کے غیر ملکی شخصیات سے روابط کے ثبوت سامنے آئے تھے۔یاد رہے کہ 23جولائی کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر مرکزی ترجمان رﺅف حسن ،احمد جنجوعہ اوردیگر افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے روف حسن کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو گرفتار کیا گیاتھا۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری اے ٹی ایس اسکواڈ اور لیڈی پولیس کے ہمراہ پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ پہنچی تھی۔ بیرسٹرگوہر اور روف حسن اس وقت سیکرٹریٹ میں موجود تھے جبکہ ویمن پولیس بھی تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کے باہرموجود رہی تھی۔ابتدائی تفتیش اور ڈیجیٹل مواد کی روشنی میں پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا وِنگ پر اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیم کا چھاپہ مارا گیاتھا چھاپے کے دوران رووف حسن گرفتار کو بھی گرفتار کیا تھا۔
رات کے وقت روف حسن کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیاتھا۔ترجمان وزارت داخلہ نے بتایا تھاکہ پی ٹی آئی ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث تھی۔ جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔چھاپے کے دوران پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے کمپیوٹر اور دیگر سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا تھا۔جبکہ پولیس تمام ریکارڈ بھی ساتھ لے گئی تھی۔