پی ڈی ایم اے کی فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری،آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں کہاں کہاں مزید بارش کا امکان ہے ؟ جانیے
لاہور ( قدرت روزنامہ ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ۔ فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریاؤں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح بارے اعداد و شمار شامل ہیں ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے ۔رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 84 شہری جاں بحق 224 زخمی اور 245 گھر متاثر ہوئے ۔اموات آسمانی بجلی،کرنٹ لگنے کچے گھر اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے سے ہوئیں،مون سون بارشوں کے باعث 44 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔100 گھر مکمل جبکہ 145 گھر جزوی طور پر متاثر ہوئے ۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔حکومتی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے ۔زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ تونسہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔دریائے چناب راوی ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد، تربیلا میں 99فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 54 فیصد تک ہے۔
ڈی جی عرفان کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے ۔ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے پیشِ نظر تمام محکمے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔عوام الناس سے التماس ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں،خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں ۔