پنجاب

پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) باجوڑ میں خوارج کی پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، آپریشن کے دوران 3 جوان شہید جبکہ 5 خوارجیوں کو ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے5 خوارج ہلاک جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں