اپنا گھر، اپنی چھت منصوبے کا افتتاح، تعمیر کے لیے کتنا قرضہ ملے گا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے کم آمدنی والے افراد کے لیے ’اپنا گھر، اپنی چھت‘ پروگرام کا افتتاح کردیا ہے . وزیراعلیٰ پنجاب نے اس پروگرام کا افتتاح لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا .

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج پنجاب کے عوام کو خوشخبری دینا چاہتی ہوں، احساس ہے کہ کم آمدنی والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے . انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اپنی چھت نہ ہو تو انسان کو وہ کمی محسوس ہوتی ہے جس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، مجھ سے پوچھا جاتا تھا کہ آپ اس اسکیم کو کب شروع کریں گی، اس اسکیم کا سب سے زیادہ انتظار نواز شریف کو تھا، اپنا گھر، اپنی چھت منصوبے کا مجھے بھی شدت سے انتظار تھا . وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سیکریٹری ہاؤسنگ اور متعلقہ حکام نے اس منصوبے پر بہت محنت سے کام کیا ہے، ہم لوگوں کو جلد از جلد گھر بنا کر دیں گے، اپنے گھر سے بڑی کوئی نعمت نہیں، ان لوگوں سے پوچھیں جن کا اپنا کوئی گھر نہیں . وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت گھروں کے لیے 15 لاکھ روپے کا قرض دے گی جبکہ 15 لاکھ قرض پر ماہانہ قسط 14 ہزار روپے ہوگی، اپنا گھر، اپنی چھت منصوبے کے تحت دیے جانے والے قرض پر کوئی سود نہیں ہوگا، شہری اور دیہی علاقوں میں اپنی زمین رکھنے والے لوگ گھروں کی تعمیر کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں . ، انہوں نے کہا کہ قرض میں کوئی ٹیکس اور کوئی خفیہ چارجز شامل نہیں ہیں، درخواست دینے اور دیگر معلومات کے لیے 080009100 پر کال کی جاسکتی ہے جبکہ قرض کے لیے درخواست گزار آن لائن درخواستیں بھی جمع کروا سکتے ہیں، 14 ہزار روپے ماہانہ قسط 7 سال میں ادا کرنی ہے، پہلے 3 ماہ قسط ادا نہیں کرنی، منصوبے کے تحت گھروں کی تعمیر کا کام تیز کیا جائے گا، میں زمین کا ٹکڑا بھی دیکھ آئی ہوں جس پر جلد تعمیر شروع ہوگی، اگر کسی کو زمین کے لیے قرضہ چاہیے تو بھی پنجاب حکومت دے گی . انہوں نے کہا کہ اپنا گھر اپنی چھت اسکیم پنجاب کے 5، 6 بڑے اضلاع میں شروع کریں گے، خواہش ہے کہ اس اسکیم کو آئندہ 5 سال میں پورے پنجاب تک لے کر جائیں . انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ مہنگائی میں بھی کمی ہو، عوام کا احساس ہے، بجلی کے بلوں میں 45 ارب روپے ریلیف دے رہے ہیں، حکومت پنجاب تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروجیکٹ لے کر آرہی ہے، سولر پروجیکٹ آنے کے بعد اگلے سال عوام کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں مسئلہ نہیں ہوگا . واضح رہے کہ 4 اگست کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایک اجلاس میں پنجاب حکومت نے 5 مرلے تک کے پلاٹ پر گھر بنانے والے 70 ہزار افراد کو بلاسود قرضہ دینے کا فیصلہ کیا تھا . اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا، اور اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی . اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے مستفید ہونے کے لیے فارم جمع کرانا ہوگا، جو ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں دستیاب ہوگا . حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پائلٹ پروگرام کے ماڈل گھر تیار کرلیے گئے ہیں اور 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز لانچنگ کریں گی دوران اجلاس وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے روکتے ہوئے ٹال فری نمبر متعارف کرانے کے احکامات جاری کیے تھے، مریم نواز نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیولنگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کی، اور کہاکہ حکومت کی جانب سے گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لیے سبسڈی دی جائے گی . . .

متعلقہ خبریں