بولان دھماکے میں تباہ پل کی مرمت میں 2 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع بولان میں کول پور کے قریب دوزان کے مقام پر دھماکہ خیز مواد سے اڑائے جانے ریلوے پل کی مرمت میں ڈیڈھ سے دو ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اس دوران اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس مچ سے بحال کئے جانے کا امکان ہے ۔یہ بات ڈویژنل سپرٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ عمران حیات نے نجی ٹی وی کو بتائی ڈی ایس ریلویز عمران حیات نے بتایا کہ دوزان کے قریب دہشت گردی میں تباہ ہونے والا پل سو سال پرانا تھا دوزان ریلوے پل کی دوبارہ مرمت میں ڈیڈھ سے دو ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے ،ڈی ایس ریلویز نے بتایا کہ پل کی مرمت کا کام این ایل سی کو دیا جا سکتا ہے انہوں نے دو سال قبل بارشوں سے تباہ ہونے والے ہرک پل کو بھی بنایا تھا۔ عمران حیات نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سیکورٹی کلئیرنس دی تو ٹرینوں کو مچ سے چلائیں گے جب ہرک پل متاثرہ ہوا تھا تو مچ سے ٹرین سروس شروع کی گئی تھی۔