سندھ

طاقتور مون سون سسٹم کراچی سے 320 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، چیف میٹرولوجسٹ


کراچی(قدرت روزنامہ)چیف میٹرلوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طاقتور مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی شکل میں اس وقت کراچی سے 320 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں سردار سرفراز نے کہا کہ آج شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ڈیپ ڈپریشن میں 28 سے 33 ناٹیکل مائل یعنی 60 تا 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کا یہ سلسلہ 31 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے جبکہ شہر میں دوران بارش اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے، کراچی میں 100 سے 200 ملی میٹر تک بارش بھی ہو سکتی ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ سسٹم 10 سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے اور کل تک سسٹم شہر کے جنوب کی جانب زیادہ قریب آ جائے گا جس کے سبب موسلادھار بارش کا امکان زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب سے کراچی کے بیشتر علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ تھم گیا تاہم کچھ علاقوں میں بوندا باندی تاحال جاری ہے، بارش کے بعد شہر کا موسم خوش گوار ہے۔

متعلقہ خبریں