روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحت ترسیلات زر کاحجم 8.416 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 8.416 ارب ڈالر سے تجاوزکر گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2024 میں روشن ڈیجیٹل کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے 161 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جس کے بعد ستمبر 2020 سے لے کر اب تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے ترسیلات زرکامجموعی حجم 8.416 ارب ڈالر سے تجاوزکرگیا ہے۔
جون کے مہینے میں آر ڈی اے کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے 224 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ جولائی میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مزید 10820 اکاؤنٹس کھولے گئے جس کےبعد ان اکاؤنٹس کی تعداد 723598 ہو گئی ہے۔
آر ڈی اے کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے نیاپاکستان سرٹیفکیٹ میں 357 ملین ڈالر، نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹ میں 618 ملین ڈالر اور روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ کے تحت 39 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔