راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں . فیصلے کرنے والوں سے بات ہوگی .
اڈٰیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 9 مئی ان کی انشورنس پالیسی ہے . 9 مئی ختم ہوا تو ان کی حکومت اور سیاست دونوں ختم ہوجائیں گی . تحقیقات کرنا ہے تو 9 مئی کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے . جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے یہ 9 مئی کا شور مچاتے ہیں . بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں . فیصلے کرنے والوں سے بات ہوگی .
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہوگی . اگر چانسلر نہ بن سکا تو بھی کوئی بات نہیں . پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ میں اس مقام تک کوئی نہیں پہنچا جہاں میں پہنچا ہوں . میں پاکستان کا سب سے بڑا philanthropist ہوں . ہم نے 2 اسپتال بنائےاور2 یونیورسٹیاں بنائی ایک اور یونیورسٹی بن رہی ہے .
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ گینز بُک میں دو نئی انٹریاں ہونے والی ہیں . ایک انٹری اس یوٹرن کی ہوگی جس میں ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بوٹ کو عزت دی گئی . نواز شریف اڑھائی سال تک ووٹ کو عزت دو کا کہتے رہے فوج اور مارشل لاؤں پر تنقید کرتے رہے . خواجہ آصف نے فوج کو جتنا برا بھلا کہا کسی نے نہیں کہا . احسن اقبال نے پہلی مرتبہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا بتایا . احسن اقبال نے فوج سے متعلق کہا تھا یہ ریاست کے اندر ریاست ہے . احسن اقبال یہ بھی کہتے رہے پاکستان میانمار بننے جارہا ہے .
انہوں نے کہا کہ گینز بک میں دوسری انٹری اس پر ہوگی کہ نواز شریف چاروں امپائروں کو ملا کر کھیلا پھر بھی ہارگیا . دوسری پارٹی کو میچ کھیلنے ہی نہیں دیا گیا . ان کو جب معلوم ہوتا ہے کہ ہماری کوئی بات چیت چل رہی ہے ان کو 9 مئی یاد آجاتا ہے . پھر مطالبہ کرتے ہیں 9 مئی پر معافی مانگیں . نواز شریف کو جتانے کیلئے 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے .
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی حکومت سے بات چل رہی ہے . بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہیں . بات ان کے ساتھ ہوگی جو فیصلے کی قابلیت رکھتے ہیں . ان سے بات کرنا الیکشن میں ان کے ڈاکے کو تسلیم کرنا ہے . ہمارے 8 ستمبر کے جلسے کے تین مقاصد ہیں . ایک مقصد چوری کیا ہوا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو واپس کیا جائے . دوسرا مقصد قبضہ گروپ سے ملک کو حقیقی آزادی دلانی ہے . تیسرا مقصد ملک میں آزاد عدلیہ ہے . قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کیلئے عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے .
. .