اسلام آباد

سودی نظام ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں جلد نمٹائی جائیں، فضل الرحمان کا چیف جسٹس کو خط


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے سودی نظام ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف بینکوں کی اپیلیں جلد نمٹائی جائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے اپریل 2022 میں ملک کا مالیاتی نظام 5 سال میں سود سے پاک کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
خط میں جے یو آئی سربراہ نے کہا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف بینکوں نے جو اپیلیں کی ہیں، عدالت انہیں جلد نمٹائے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت ملک میں سود سے پاک مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے اقدامات کرے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خط میں ختم نبوتﷺ سے متعلق فیصلے پر چیف جسٹس کی تحسین کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مبارک ثانی کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی جلد جاری کیا جائے تاکہ مسلمان مطمئن ہوسکیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2022 میں وفاقی شرعی عدالت نے حکومت کو 5 سال میں بلا سود معاشی نظام قائم کرنے کا حکم دیا تھا اور اس فیصلے کا اس وقت کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصلے پر اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر عملدرآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب موجودہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی وزارت سنبھالنے کے کچھ عرصہ بعد کہا تھا کہ وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے سود کے خاتمے کا فیصلہ آچکا ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے، بینکنگ اب اسلامی طرز پر آرہی ہے۔

متعلقہ خبریں