بانی پی ٹی آئی جلسوں سے نہیں اپنے اعمال کا حساب دے کر ہی جیل سے باہر آ سکتے ہیں، عظمیٰ بخاری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں تماشا (پی ٹی آئی جسلہ) ہونے جا رہا ہے، یہ حقیقی آزادی کس سے لینا چاہتے ہیں؟ جلسوں سے بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آئیں گے، وہ اپنے اعمال کا حساب دے کر ہی جیل سے باہر آ سکتے ہیں،
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پہلے جلسہ ملتوی کرنے کا ریٹ فی بندہ 5 ہزار روپے تھا، پتا نہیں آج کتنا ہوگا؟ وزیراعلیٰ کے پی کل سڑکوں پر بھاگ رہے تھے، یہ حقیقی آزادی کس سے لینا چاہتے ہیں؟ امریکا کے آگے آپ لیٹ گئے، اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پڑ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج پورے سرکاری وسائل کو استعمال کرکے پشاور سے لایا جائیگا۔ جلسے سے پہلے لوگوں کو 5 ہزار روپے دیے گئے، ان کا مقدر جلسے جلوس نکالنا ہے، ان کو حقیقی آزادی کس سے لینی ہے۔ مریم نواز پنجاب کے عوام کو ہر طرح کا ریلیف دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جلسے کے لیے پختونخوا کے عوام کے وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ہمیں ان کے جلسوں سے نہیں کرتوتوں سے ڈر لگتا ہے۔لیکن کسی کو حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جلسہ کرنے پر نہ کل اعتراض تھا نہ آج اعتراض ہے، فتنہ فساد کرنے پر آج بھی اعتراض ہے اور کل بھی تھا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسرائیلی بھی بانی پی ٹی آئی کی محبت میں مرے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی والے 9 مئی کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ آور ہوئے۔ نہیں معلوم آج کتنے اقبال خان خیبرپختونخوا سے اسلام آبادآئیں گے۔
وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب قوانین سے فائدہ اٹھانے کے لیے سب سے پہلی درخواست بانی پی ٹی آئی کی ہے۔ دوسروں کو چور کہنا والا خود اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے۔