سپیکر قومی اسمبلی کا آئی جی اسلام آباد کو فون،ارکان کی گرفتاری پر شدید برہمی کااظہار، رہا کرنے کا حکم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی گرفتاری پرسپیکر سردار ایاز صادق نے آئی جی اسلام آبادکو ٹیلی فون کیا اور شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے تمام گرفتار ارکان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا .
تفصیلات کے مطابق ارکان اسمبلی کی گرفتاری پر قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، جس پر سپیکر ایاز صادق نےپی ٹی آئی ارکان اور دیگر کو اپنے چیمبر میں بلالیا، سپیکر ایاز صادق نے ارکان کی موجودگی میں آئی جی اسلام آباد کو فون کیا،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تمام گرفتار ارکان کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے تمام واقعات کی رپورٹ طلب کرلی،سپیکر نے تمام ارکان کوپروڈکشن آرڈرز کے ذریعے رہا کرنے کاحکم دیا .
سپیکر ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد پر شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ میں اس واقعے پر بہت رنجیدہ ہوں،نہ آپ پارلیمنٹ ہاؤس سے کسی کو گرفتار کر سکتے ہیں نہ پارلیمنٹ لاجز سے،ان پارلیمنٹیرینز کو فوراً رہا کیا جائے،سپیکر نے شیر افضل مروت کی گرفتاری کی فوٹیج بھی دیکھی،سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ یہ کیا طریقہ تھا کسی پارلیمنٹیرینز کو گرفتار کرنے کا . اپنے ممبران کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، کل جن ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا، فوری رہا کیا جائے .
. .